پاکستان اور رشین فیڈریشن کے مابین کئی اہم منصوبوں پرکام جاری ہے،گورنر سندھ

203
Kamran Khan Tesori

کراچی۔ 05 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور رشین فیڈریشن کے مابین گہرے مراسم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کے کئی اہم منصوبوں پرماضی میں بھی کام ہوتا رہا اور اب بھی متعدد منصوبے جاری ہیں۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رشین قونصلیٹ میں پیپلزیونٹی ڈے آف رشین فیڈریشن اور پاکستان وروس کے معابین 75ویں سفارتی تعلقات پر دئیے گئے استقبالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نگران وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر جعفری ،قونصل جنرل مسٹر آندرے وی فیڈرو نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر)حارث نواز ،سیاست دانوں ،غیر ملکی سفارتکاوں و عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر روسی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔نگران وزیراعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روسی عوام ہر سال 4 نومبر کو عوامی اتحاد کا دن مناتے ہیں،16ویں صدی کے آخر میں روس اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزرا،روس اور اس کی عوام نے کامیابی سے اپنی خود مختاری کا دفاع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1612میں عوامی رضاکاروں نے ماسکو کو شرپسند قوتوں سے آزاد کروایاتھا ،

روسی عوام نے اتحاد بنایا اور روس بھر میں سماجی طبقات کی ایک کونسل تشکیل دی ،کونسل نے ایک نئے سربراہ میخائل روما نوف کا انتخاب کیا اور 300سال سے زیادہ حکومت کی۔انہوں نے کہا کہ تجارت اقتصادی سائنس اور تکنیکی تعاون پر روس اور پاکستان ایک دوسرے کے قریب ہیں ،رشین فیڈریشن کے قونصل جنرل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس اس دور سے گزر رہا ہے جسے ٹائم آف ٹربلس کہا جاتا ہے ،تمام ممکنہ مصائب ہمارے لوگوں پر گہرے گرےتاہم روسی عوام نے اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لے لی،بد امنی کے خلاف متحد ہوکر اندرونی کشمکش پر غالب آئے اور ملک کی خود مختاری کا دفاع کیا۔