اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے روانڈا کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی، جو روانڈا کی آزادی اور ترقی کی یاد میں منائی گئی۔اس موقع پر صدر آئی سی سی آئی نے روانڈا کے سفیر اور ڈیفنس اتاشی لیفٹیننٹ کرنل شیاکا کجوجیرو اسماعیل کو دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور روانڈا کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر قریشی نے تقریب میں دیگر دوست ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ و کثیرالملکی تجارت کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے چیمبر کی جانب سے پاکستان کے عالمی اقتصادی روابط کو وسعت دینے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔