اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):ترجمان نے دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے دورہ پاکستان سے متعلق میڈیا رپورٹس پررد عمل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ہیں۔اگر چہ دونوں ملکوں کی جانب سے سربراہان کی سطح پر ایک دوسرے کو دعوت نامے دئے گئے ہیں تاہم روسی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تا حال کوئی شیڈول نہیں۔
پیر کو میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ہیں۔دونوں ممالک اس طرح کے مستحکم کثیر الجہتی تعلقات کیلئے پر عزم ہیں جو نہ صرف دونوں ملکوں کے قومی بلکہ عالمی امن و سلامتی کیساتھ ساتھ خطے کے بہتر مفاد میں بھی ہوں۔ترجمان نے کہا کہ اعلی سطح پر دوروں کا تبادلہ بڑھتے ہوئے پاک روس تعلقات کا اہم حصہ ہے۔
رواں سال اپریل میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاووروف نے اسلام آباد کا کامیاب دورہ کیا تھا جبکہ گزشتہ سال پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے رشین فیڈریشن کے دورے کئے تھے۔ترجمان نے کہا کہ اگرچہ دونوں ملکوں کی جانب سے سربراہان کی سطح پر ایک دوسرے کو دعوت نامے دئے گئے ہیں تاہم روسی سربراہ کا دورہ پاکستان کا تاحال کوئی شیڈول نہیں۔