پاکستان اور روس نے کسٹمز کے درمیان شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے

311

سینٹ پیٹرزبرگ۔15جون (اے پی پی):پاکستان اور روس نے پاکستان کسٹمز اور فیڈرل کسٹمز سروس (رشین فیڈریشن) کے درمیان باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط جمعرات کو یہاں سینٹ پیٹرزبرگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر کئے گئے جو 14 سے 17 جون تک منعقد ہو رہا ہے۔ روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کئے جبکہ سیکرٹری تجارت محمد صالح فاروقی اور ماسکو میں پاکستانی سفارت خانہ میں منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ شوکت حیات چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے فریقین بیرونی تجارت کے اعدادوشمار مرتب کرنے کیلئے بروئے کار لائے جانے والے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کے تبادلے، اس کی نمایاں تبدیلیوں اور اس کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی اعدادوشمار کے تبادلے ماسوائے اس ڈیٹا کے جو ریاست یا تجارتی رازداری کے دائرہ کار میں آتا ہو، کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔

 مذکورہ یادداشت میں بیان کردہ غیرملکی تجارتی اعدادوشمار مرتب کرنے کیلئے بروئے کار لائے جانے والے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کے مقاصد باہمی تجارت بارے ضروری معلومات کے ساتھ دونوں فریقین کو فراہم ہوں گے۔ ایم او یو کے مطابق فریقین ہر سہ ماہی کے اختتام پر معلومات کا تبادلہ کریں گے جبکہ سالانہ ڈیٹا رپورٹنگ سال کے اختتام کے بعد 120 دنوں کے اندر الگ طور پر فراہم کریں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 19 مئی 2023 کو جب وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کازان میں منعقدہ روس-اسلامک ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی تو اس موقع پر وزارت تجارت پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم تعاون سے متعلق ایک اور دوسرے پروٹوکول پر بھی دستخط ہوا تھے، یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔