اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں سے دوطرفہ تجارت اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اتوار کو یہاں فاران شاہد کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت میں اضافے سے پاکستان کو کاروبار کے لیے وسیع مواقع اور مارکیٹ میسر آئے گی، خاص طور پر ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تحقیق اور ٹیکنالوجی کے تبادلے سے پاکستانی معیشت کو طویل مدتی فوائد ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی اور اس سرمایہ کاری سے ملک کی صنعتی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور اہم شعبوں میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ ترقی کرتے رہے ہیں اور یہ پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے ایک اہم قانونی فریم ورک کے طور پر کام کرے گا۔
مہر کاشف یونس، جو اسٹریٹجک تھنک ٹینک گولڈ رنگ اکنامک فورم کے نائب صدر بھی ہیں، نے کہا کہ اس پروٹوکول سے پاکستان اور روس کے درمیان سامان کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی مصنوعات کو روسی مارکیٹ میں رسائی اور کسٹم ڈیوٹی میں خاطر خواہ رعایت بھی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس نے دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی متعدد ملاقاتوں کے نتیجے میں ، خاص طور پر تیل اور گیس کی تجارت کے حوالے سے نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔