اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری پر بریک تھرو،اہم شعبوں میں ایم او یوز پر دستخط ہو گئے ۔روس اور پاکستان میں ٹریڈ،انویسٹمنٹ، ٹورازم اور دیگر شعبوں میں مشترکہ کاروباری سرگرمیاں ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان نے بدھ کو روس میں پاک روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں ایم او یو پردستخط کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ روس کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو نزدیک لانا ہے،پاکستان اور روس کے مابین مفاہمت یاداشتوں پر دستخط خوش آئند اور نیک شگون ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس کے ڈپٹی وزیر برائے ٹریڈ الیکسی گروزدیو نے کہا کہ پاک روس بزنس فورم کا انعقاد ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا ۔ایم او یو کی تقریب میں رشین فیڈریشن کے ایڈوائزر برائے منسٹر ٹرانسپورٹ ایوگینے فیڈ چک، روس میں پاکستانی سفیر خالد جمالی روس کے سینیٹرز چے ذوف اور سکھا رووا اور پاکستانی سینیٹرز دنیش کمار اور ضیاء لانگو نے شرکت کی ۔