پاکستان اور سری لنکا کا معیشت، سیاست اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون میں اضافے پر اتفاق ،وز یر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کی سرلنکن وزیرخارجہ سے ملاقات

168

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وز یر مملکت خارجہ امور حنا ربانی اور سری لنکا کے وزیر خارجہ علی صابری کے درمیان ملاقات کولمبو میں ہوئی۔ سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ہونے والی ملاقات میں پاک سری لنکا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے علی صابری کو سری لنکا کی پلاٹینم جوبلی پر مبارکباد پیش کی اور ملاقات کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اور سری لنکا کے وزیر خارجہ نے پاک سری لنکا دو طرفہ تعلقات کی تمام جہتوں پر بات چیت کی،ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان معیشت، سیاست اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

حنا ربانی کھر اور علی صابری نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔