پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں کھیلے جائیں گے، قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ (پی سی بی) ذاکر خان

75
نوجوان خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان

لاہور ۔ 14 نومبر (اے پی پی) 10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی طور پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کردیا تھا۔ پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے۔ سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات اور شائقین سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کی صورت میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام کا جنون دیکھا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کیلئے کرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔