پاکستان اور سری لنکن عوام کے مابین تعلقات 2 ہزار سالہ قدیم ہیں،ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر شاہد احمد حشمت

90
APP37-26 COLOMBO: March 26 - High Commissioner of Pakistan to Sri Lanka, Minister for City Planning and Opposition Leader cutting the cake on the occasion of 79th National Day of Pakistan. APP

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) سری لنکا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر شاہد احمد حشمت نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکن عوام کے مابین تعلقات 2 ہزار سالہ قدیم ہیں، سری لنکا کے سابق وزیر اعظم ڈی ایس سینی نائیکے نے 1948ءمیں پاکستان کا دورہ کرکے دونوں ملکوں کے مابین مستحکم برادرانہ تعلقات کی بنیاد رکھ دی تھی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کولمبو میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سری لنکا کے وزیر برائے سٹی پلاننگ و ہائر ایجوکیشن رﺅف حکیم اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین تعلقات 2 ہزار سالہ قدیم ہیں اور یہ تعلقات اسلام اور بدھ ازم کے امن و محبت کے حوالہ سے مشترکہ اقدار کی بدولت مزید مستحکم ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1948ءمیں سری لنکا کے سابق وزیر اعظم ڈی ایس سینی نائیکے نے پاکستان کا دورہ کرکے دونوں ملکوں کے مابین جدید برادرانہ تعلقات کی مستحکم بنیاد رکھ دی تھی۔ علاقائی صورتحال سے متعلق ہائی کمشنر نے کہا کہ اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان نے ذمہ دارانہ اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دوطرفہ اور علاقائی معاملات بامعنی مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت پاکستان سری لنکا کے طالب علموں کو مختلف شعبوں میں یاک پزرا سکالر شپس دے گی جس کےلئے طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ سری لنکا کے وزیر نے ہر مشکل وقت میں سری لنکن حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون پر پاکستانی حکومت اور عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہمیشہ سے قریبی، خوشگوار اور باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم ہیں۔