پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

193

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کے موقع پر سعودی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور پائیدار دوستی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں مملکت سعودی عرب عالمی رہنما کا کردار ادا کر رہا ہے، بین المذاہب مکالمے، افہام و تفہیم اور مختلف بین الاقوامی فورمز کے ذریعے تعاون کے فروغ کی سعودی کوششیں مثالی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام، تعاون، مشترکہ اقدار اور پائیدار دوستی پر مبنی اقدار کے حامل ہیں، مسلم دنیا کے رہنما کے طور پر سعودی عرب نے انصاف، مساوات اور امن کے مقصد کی مسلسل حمایت کی ہے۔

پیر کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نیز مملکت سعودی عرب کے برادر عوام کو سعودی مملکت کے 94ویں قومی دن کے پرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ثابت قدمی سے رہنمائی کی، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی مقدس ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرک اور صاحب بصیرت قیادت کو بھی ازحد سراہتے ہیں، جن کے اقدامات نے سعودی عرب کو جدیدیت، اختراع اور اقتصادی ترقی کے مشعل بردار کی حیثیت پر فائز کر دیا ہے، مملکت سعودیہ اپنے وژن 2023ء کے ساتھ جس کا نعرہ ہے ”ہم خواب دیکھتے ہیں، ہم ان کی تعبیر ممکن بناتے ہیں”، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نیز ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں مملکت سعودی عرب عالمی رہنما کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودیہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرتے ہوئے قابل رشک بلندیوں کو چھو رہی ہے جس کی بدولت سعودی عرب دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کو پیچھے چھوڑ رہا ہے، نیز جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے سعودی عرب درحقیقت ان ممالک میں شامل ہو چکا ہے جو سائنس، ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروباروں میں سرفہرست ہیں، مسلم دنیا کے رہنما کے طور پر سعودی عرب نے انصاف، مساوات اور امن کے مقصد کی مسلسل حمایت کی ہے، بین المذاہب مکالمے، افہام و تفہیم اور مختلف بین الاقوامی فورمز کے ذریعے تعاون کے فروغ کی سعودی کوششیں مثالی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام، تعاون، مشترکہ اقدار اور پائیدار دوستی پر مبنی اقدار کے حامل ہیں، ہماری دوستی ان تمام سالوں کے دوران ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، یہ رشتہ منفرد ہے اور عام بین الریاستی باہمی عمل سے بلند تر ہے، دونوں ممالک نے ضرورت کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے، دونوں ممالک قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران ہمیشہ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، یہ طرز عمل دونوں ممالک کے درمیان موجود ازلی برادرانہ تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یہ اعتراف کرنے میں میرے ساتھ ہیں کہ سعودی عرب نے وقتاً فوقتاً پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے میں ہمیشہ فیاضانہ معاونت کی، ان تاریخی اقدامات کے ذریعے سعودی عرب نے ہمیں ہمیشہ کیلئے اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج جب ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یہ مبارک دن منا رہے ہیں تو میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار دوستی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، ہم خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مملکت سعودی عرب کو خوشحالی، ترقی اور کامیابی سے ہمکنار کرے۔