راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور سعودی عرب کی انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشق البطار 1 اختتام پذیر ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک سعودی مشترکہ مشق البطار-I کی اختتامی تقریب پیر کو چیراٹ میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے طویل مشق کا آغاز 22 اگست کو دونوں برادر ممالک کی سپیشل فورسز کے دستوں کی شرکت سے ہوا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے اعلیٰ فوجی قیادت کے ہمراہ مشق کے آخری دن کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
دونوں ممالک کی سپیشل فورسز کے ساتھ کامبیٹ ایوی ایشن نے بھی اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مشترکہ مشق کا اختتام فلائی پاسٹ کے ساتھ ہوا۔ اس مشق کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی عسکری تعلقات کو مزید تقویت دینا تھا جس میں انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تصور کو فروغ دینا اور مستقبل میں فوجی تعاون کے لئے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا شامل ہے۔