پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی کوئی حد نہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ عبدالعلیم خان کا سعودی وزیر سرمایہ کاری کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

126
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی کوئی حد نہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ عبدالعلیم خان کا سعودی وزیر سرمایہ کاری کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی کوئی حد نہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ عبدالعلیم خان کا سعودی وزیر سرمایہ کاری کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی کوئی حد نہیں، سعودی عرب اور پاکستان برادر ملک ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے جس پر ہم سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں، پاکستان کا نجی شعبہ ملکی معیشت میں بڑا حصہ ڈال رہا ہے اور یہ امر باعث مسرت ہے کہ ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں جس میں دیگر ممالک کے کاروباری گروپ اور تجارتی ادارے پاکستانی معیشت پر اعتماد کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے نجی ہائوسنگ پراجیکٹ پارک ویو سٹی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے ہمراہ آئے سرمایہ کاروں، اعلیٰ حکام اور بزنس گروپ کے اراکین کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے پارک ویو سٹی آمد پر سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے ہمراہ آئے سرمایہ کاروں، اعلیٰ حکام اور بزنس گروپ کے اراکین کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور دیگر اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر مواصلات، سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ان کے وفد کا اپنے پراجیکٹ آمد پر استقبال میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں اور یہ تعلقات بھائیوں کی طرح نہیں بلکہ ہم بھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور جب بھی ضرورت پیش آئی بغیر کہے ہمارے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کو پاکستان کے نجی شعبہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہمارا نجی شعبہ بھرپور صلاحیت کا حامل ہے اور توقع ہے کہ سعودی سرمایہ کار نجی شعبہ کی صلاحیت سے استفادہ کریں گے۔

انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے دورہ کا بھی خیر مقدم کیا۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے پارک ویو ڈائون ٹائون میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کی تعریف کرتے ہوئے اس تقریب کو یادگاری تقریب قرار دیا اور تقریب کے میزبان اور پراجیکٹ کے چیئرمین عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور پراجیکٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے تقریب میں شریک وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور دیگر قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا اور بھرپور میزبانی کی تعریف کی ۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ گذشتہ تین دنوں میں جو دو طرفہ ملاقاتیں اور گفتگو ہوئی ہے اس کا محور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کو مضبوط کرنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔ پاکستانی تارکین کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب کی تعمیر ترقی میں کردار ادا کر رہی ہے اور 2 ہزار سے زائد پاکستانی کمپنیاں سعودی عرب میں کام کر رہی ہیں اور سعودی معیشت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور ہمارے ساتھ وفد میں متحرک سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات بھی اسلام آباد میں ہیں اور اس متحرک شہر میں ان کی موجودگی کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نجی شعبہ کی کارکردگی بہت متاثرکن ہے، وقت گزرنے کے ساتھ مینوفیکچرنگ کے شعبہ سمیت تجارت، سرمایہ کاری کے شعبوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے جو سعوی کاروباری اداروں کے لئے مفید ہے جس کے نتائج آئند دنوں میں دکھائی دیں گے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے 1960ء میں سعودی فرمانروا شاہ فیصل کے پاکستان کے تاریخی شہر فیصل آباد کے دورہ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبہ کے ساتھ شراکت داری بڑھائیں گے اور مختلف شعبوں میں معاہدوں سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔