سرگوھا۔ 01 نومبر (اے پی پی):سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ معاہدوں کو پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے ترقیاتی منصوبوں، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ خاص طور پر توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم تبدیلیاں لائے گی۔
خواجہ یاسر قیوم نے مزید بتایا کہ یہ معاہدے مقامی تاجر برادری کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کریں گے اور قومی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ سرگودھا چیمبر نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو ان معاہدوں سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔