پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے 20ارب ڈالرز مالیت کے 7 معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے

94
APP54-17 ISLAMABAD: February 17 – Prime Minister Imran Khan and Saudi Crown Prince, HRH Mohammad bin Salman bin Abdulaziz Al Saud witnessing signing of MoUs at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے 20ارب ڈالرز مالیت کے 7 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ،دستخط کی تقریب اتوار کو وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوئی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹینڈرڈائزیشن کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القاسمی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ کھیلوں کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے پر سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ، امور نوجوان و کھیل ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے دستخط کئے، سعودی اشیاء کی درآمد سے متعلق مالیاتی معاہدہ پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے دستخط کئے۔ توانائی کی پیداوار کے فریم ورک کی مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دستخط کئے۔ دونوں ممالک کے درمیان معدنی وسائل کی ترقی میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح اور وفاقی وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ دونوں ممالک کے درمیان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں تعاون اور سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا جس پر سعودی وزیر توانائی خالد الفالح اور وزیر توانائی عمر ایوب خان نے دستخط کئے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، سعودی وزرا اور مہمان وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے وفد کے ہمراہ دو روزہ دورہ پر اتوار کو پاکستان پہنچے ہیں جن کا پاکستان آمد پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔