پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ

206

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی شوریٰ کونسل پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں مدد کرنے کی خواہاں ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ موجودتھے۔

ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، اراکین قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، گل اصغر خان، سید حفیظ الدین، نور عالم خان، زیب جعفر اور صاحبزادہ حامد رضا بھی موجودتھے۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، بدلتے حالات کا تقاضا ہے کہ ہم دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کہا کہ میں اپنی اور اپنے وفد کی جانب سے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ میرے لئے دلی خوشی کا باعث ہے، پاکستان میں مجھے ہمیشہ خلوص اور محبت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ملک ہے، سعودی عرب ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواہاں ہے، پاکستان اسلام کے نام پر آزادی حاصل کرنے والا اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے۔

چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط دینی رشتہ ہے، پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو قومی اسمبلی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی حرمین الشریفین کے لئے بے پناہ محبت ہے۔رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ سعودی حکومت اور عوام کی محبتیں ہمیں اپنی طرف کھینچتی ہیں، پارلیمانی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے دوستانہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی حکومت اور حزب اختلاف یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔

ممبر سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عیشہ بنت حسن زکری نے کہا کہ سعودی عرب میں خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ سعودی پارلیمانی وفد جمعرات کو قومی اسمبلی میں قائم پارلیمانی کاکسسز اور فورمز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرے گا۔