پاکستان اور سوئزر لینڈ کے در میان تجارتی تعلقات کا فروغ سوئس سفارتی مشن کی ترجیح ہے، سفیر جارج سٹائنر

140
Pakistan and Switzerland
Pakistan and Switzerland

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات سوئزر لینڈ کے سفیر جارج سٹائنر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سوئزر لینڈ کے در میان تجارتی تعلقات کا فروغ ان کی ترجیح ہے،دونوں ممالک کے در میان سیاحت ،میڈیسن،زراعت جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کے ملک گیر فارمیسی سٹور پر سوئزر لینڈ کی مشہور ہومیو پیتھی کمپنی کی ادویات کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سوئس سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ میں مختلف شعبوں میں معاشی تعاون بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطوں کے فروغ کیلئے پر عزم ہوں،کامیاب شراکت داری کرنے پر پاکستانی اور سوئس کمپنیز کو مبارکبادپیش کرتا ہوں،مجھے امید ہے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی مزید قریبی تعاون کے ذریعے پاکستان میں مقامی سطح پر پیداوار کے حوالے سے بھی کام کرے گی۔سوئٹزرلینڈ پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تجارتی تعلقات قائم ہیں،سوئٹزرلینڈ پاکستان کو میڈیسن اور مشینری جبکہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کو ٹیکسٹائل ،زرعی اجناس اور چمڑے کی مصنوعات برآمد کرتا ہے، باہمی تجارت کا یہ سلسلہ مزید کئی شعبوں تک وسیع ہو سکتا ہے،امید ہے دیگر سوئس کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سوئس کمپنی کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک ہے،25 کروڑ آبادی کا حامل یہ ملک مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،سوئس ہومیو پیتھک شعبے کی کمپنیوں نے اپنے معیار کی بنیاد پر بہترین پہچان بنائی ہے،پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، امید ہے دیگر سوئس کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، دونوں ملکوں میں کنیکٹیویٹی سے تجارت اور باہمی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو باہمی روابط کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، سوئس سفیر اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ سوئزر لینڈ کی ہومیوپیتھی کے شعبے کی کمپنیاں ادویات فراہم نہ کریں بلکہ پاکستان میں پلانٹ بھی لگائیں تاکہ مقامی سطح پر انڈسٹری کو فروغ ملے اور روزگار بھی فراہم ہو سکے۔تقریب سے صدر ہومیو پیتھک ،فارماسیوٹیکل اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن امان اللہ بسمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئس ہومیو پیتھی ادویات انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ پر پورا اترتی ہیں،ہمیں جرمن اور فرنچ ہومیو پیتھی کمپنیز کو بھی پاکستان لا نے کی کوشش کرنی چاہیے،صرف اسلام آباد نہیں، پنجاب اور دیگر شہروں میں بھی سوئس ہومیو پیتھی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سوئس سفیر کے لانچنگ تقریب میں شرکت پر انہیں سراہتے ہیں، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کتنے سنجیدہ ہیں، دیگر ممالک میں پاکستانی سفراء کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے، پاکستان کو اب معاشی ڈپلومیسی پاکستان کی ضرورت ہے، دنیا میں اب سفارتکاری اور جنگوں کا رجحان تبدیل ہو گیا ہے،اب معاشی سفارتکاری کا دور ہے،پاکستانی مشنز ہماری مصنوعات کو دیگر ممالک میں متعارف کرانے کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

ہومیو پیتھک ادویات مکمل محفوظ ہیں اور انکے کوئی سائیڈ افیکٹس نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ ان ادویات کو پروموٹ کرنے کیلئے پر عزم ہے۔تقریب سے سوئس ہومیوپیتھی کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر کاشف جان نے بھی خطاب کیا۔