پاکستان اور عراق کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور عراقی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت

229

بغداد ۔5جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے عراق کے 3 روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان اور عراق کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ اس کے علاوہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزے کے خاتمہ کے لئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

قبل ازیں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوارہیں۔

وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراءخارجہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات سمیت تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔