اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان تجارتی روابط استوار کرنا ہماری ترجیح ہے،ریل لنک منصوبہ پورے علاقے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا جو وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر پورٹ سے جوڑے گا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو قزاخستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مرات کاراباییو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے قزاخستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ قزاخستان کے صدر کے ساتھ سعودی عرب میں ورلڈ واٹر سمٹ کے دوران ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ برس اپنے دورہ قزاخستان کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ قزاخستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ،قزاخستان کے صدر کے دورہ پاکستان کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے حکمت عملی پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا،پاکستان اور قزاخستان کے درمیان ریل لنک کے حوالے سے فیزیبلیٹی پر کام شروع کیا جائے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان ریل لنک پورے علاقے کے لئے ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جو کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر پورٹ سے جوڑے گا،ریل لنک فزیبیٹی اور تکنیکی معاملات کے حوالے سے ایک وفد جلد قزاخستان کا دورہ کرے گا،قزاخستان پاکستان میں مارشل آرٹس اور شطرنج کے فروغ میں ماہرانہ کردار ادا کر سکتا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کی بے پناہ استعداد موجود ہے ، قزاخستان کی یونیورسٹیوں کے پاکستان میں کیمپسز کھولنے کے حوالے سےمواقع موجود ہیں ،قزاخستان اور پاکستان کے درمیان براہ راست ہوائی رابطوں کے حوالے سے پی آئی اے لائحہ عمل بنائے ،دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو استوار کرنا ہماری ترجیح ہے۔
ملاقات میں زراعت، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قزاخستان کےوزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قزاخستان کی تاجر برادری و سرمایہ کاروں نے پاکستان کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات استوار کرنے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،پاکستان ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کی قزاخستان کے لئے انتہائی زیادہ اہمیت ہے ، اسی حوالے سے المآتے سے گوادر تک ریل لنک ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے ،پاکستان اور قزاخستان مشترکہ بین الوزارتی کمیشن کے 13ویں اجلاس میں 10 شعبوں میں تعاون کے حوالے سے فریم ورک پر دستخط ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ معاشی تعلقات میں مضبوطی، اطلاعات اور ثقافت، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں کئی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قزاخستان کی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا ایک وفد بھی پاکستان کے دورے پر ہے۔
وفد نے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا دورہ بھی کیا ہے۔ کاروباری وفد کی کراچی میں بی ٹو بی ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589816