پاکستان اور قزاخستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ

50
State Bank

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پاکستان اوروسط ایشیائی ریاست قزاخستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں قزاخستان کوپاکستانی برآمدات میں 235 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں قزاخستان کوپاکستانی برآمدات کاحجم 52.66 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 235.25 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں قزاخستان کو 15.71 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

نومبر2021 میں قزاخستان کوپاکستانی برآمدت کا حجم 17.71 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو نومبر2020 میں 1.3 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2021 میں قزاخستان کو پاکستانی برآمدات کا کل حجم 79.69 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں قزاخستان سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

جولائی سے لیکر نومبر 2021 تک کی مدت میں قزاخستان سے 16.57 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں زیادہ ہے، مالی سال 2021 کی اسی مدت میں قزاخستان سے 3 لاکھ 37 ہزار ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں،نومبر2021 میں قزاخستان سے 9.45 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو نومبر2020 میں 86 ہزار ڈالرتھیں۔ مالی سال 2021 میں قزاخستان سے درآمدات پر2.52 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔