پاکستان اور قطرباہمی تعلقات کونئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہبازشریف

111
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ قطر کے دوران پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور قطرباہمی تعلقات کونئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں۔

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ وہ قطر کے اپنے اہم دورے کے اختتام کے بعد پاکستان واپس جارہے ہیں۔ انہوں نےپرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پرقطر کی حکومت اور عوام بالخصوص امیر قطر شیخ تمیم بن حمدال ثانی کا شکریہ اداکیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ان کےدورہ قطر کے دو پہلو قابل ذکر ہیں ، ایک یہ کہ پاکستان اور قطر مستقبل کے حوالے سے ایک واضح وژن رکھتے ہیں اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں نئے مواقع اور راہیں موجود ہیں ۔ دوسرا یہ کہ ہمیں اقتصادی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا محور بنا کر دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کاادراک ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ان کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی کے ساتھ بہت مفید ملاقات ہوئی جس میں ہم نے اپنے بہترین دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک انگیجمنٹ کی اگلی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں قطر کی طرف سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر قطر کا شکریہ اداکیا