اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر خطے کی ترقی و خوشحالی کا مشترکہ ویژن رکھتے ہیں،تجارتی، سفارتی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کےمطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور معاشی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور قطر خطے کی ترقی و خوشحالی کا مشترکہ ویژن رکھتے ہیں۔تجارتی، سفارتی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ قطر میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ تجارتی، ثقافتی و کثیر الجہتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ امدادی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے، بین الاقوامی برادری اور خصوصاً قطر کے شکر گزار ہیں۔ بلوچستان اور دیگر دوسرے صوبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔
تمام ادارے مشکلات کے باوجود ریلیف کے کاموں میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ممالک کو ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قطر کے امیر نے قطر کی مجموعی معاشی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔امیر قطر کی کاوشیں لائق تحسین اور باعث تقلید ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی، تجارتی اور سماجی پر رابطہ کاری کو مزید تقویت دینے کی خاطر وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔ سفیر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ قطر پاکستان سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324654