پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے دور کاابوظہبی میں انعقاد

7
Foreign Office
Foreign Office

ابوظہبی/اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) شہریار اکبر خان نے کی جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت نائب معاون وزیر برائے سیاسی امور ریم کیتیت نے کی۔

مشاورت کے دوران دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور بات چیت کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز کو سراہا اور موجودہ ادارہ جاتی میکانزم کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں مشترکہ وزارتی کمیشن اور قیادت کی سطح پر باقاعدہ تبادلے شامل ہیں۔

دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اختتام دونوں فریقین نے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور ادارہ جاتی مصروفیات کی رفتار کو برقرار رکھنے اور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا۔32