اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقعہ کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بچانے کے لیے مراکش کی معاونت کو سراہتے ہیں ۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمون سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مراکش کے بادشاہ، شاہ محمد ششم اور مراکش کی حکومت کی جانب سے دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقع میں بچ جانے والے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بچانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔
انہوں نے مراکش کے مقامی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے لواحقین اور جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی کی وطن واپسی میں شامل پاکستانی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ پاکستان اور مراکش کے درمیان شاندار تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا ذکرکیا اور عوام سے عوام کے روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
مراکش کے سفیر نے مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔ دونوں فریقین جلد از جلد دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت ادارہ جاتی مشاورتی میکانزم کے اجلاس بلانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔