پاکستان اور مشرقی افریقہ کے درمیان تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ

194

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان اور مشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہواہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر44 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 44.80 فیصدکا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں کینیا، ماریشئیس، تنزانیہ اورمشرقی افریقہ کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو864.29 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2023 کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو601.26 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ مئی 2024 میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 92.71 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 80.83 ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 56.96 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم650.14 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 1.541 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2023 کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.80 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2023 کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات پر1.064 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا، مئی 2024 میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 51.12 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 111.48 ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 51.03 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے مجموعی درآمدات پر1.102 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا