پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں,شاہ محمود قریشی

57
پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں,شاہ محمود قریشی
پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں,شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔یہ بات انہوں نے قاہرہ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ساجد بلال سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے قاہرہ (مصر) میں بطور سفیر تعیناتی پر ساجد بلال کو مبارکباد دی اور کہا کہ قاہرہ میں آپکی بطور سفیر تعیناتی آپ کے سفارتی تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے سفیر کو اپنے حالیہ دورہ مصر اور مصری قیادت کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اتفاق رائے کے بارے میں کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔توقع ہے کہ آپ کی بطور سفیر تعیناتی سے پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو معاشی سفارت کاری سمیت پاکستان کی سفارتی ترجیحات کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔قاہرہ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ساجد بلال نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ سفیر ساجد بلال قبل ازیں عراق میں بھی بطور سفیر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔