پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کا عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ،ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد ، تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا

114
وزیراعظم شہباز شریف کا دوسالی اور خمرنگ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتوک سیری انور ابراہیم کے درمیان عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کیا، دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پی ایم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشیا کے برادر عوام اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا۔

غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز کے لئے ملائیشیا کے اصولی اور مستقل موقف کو سراہا ۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں میں اضافہ اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کے حوالہ سے وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوںر ہنمائوں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جوباہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔ اپریل 2024 میں ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر اپنی حالیہ نتیجہ خیز ملاقات کے ساتھ ساتھ گزشتہ چار مہینوں میں دو ٹیلی فونک روابط کی یاد تازہ کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اعلیٰ سطح کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔