اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور نیدر لینڈ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور انکے نیدرلینڈز کے اپنے ہم منصب سٹیف بلاک کے ساتھ بدھ کو ٹیلیفونک رابطہ کے دوران پایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال ،معاشی و تجارتی شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود "سمارٹ لاک ڈاؤن” کی حکمت عملی کے ذریعےکوروناوبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ۔ کوروناوبا کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے پاکستان میں وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے لیکن ہم اپنی معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کوشاں ہیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ گہرے دو طرفہ تعلقات کا مظہر ہے ۔کورونا کے عالمی وبائی چیلنج کے باوجود پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان ایکسپورٹ کی شرح میں اضافہ خوش آئند ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے نیدرلینڈ کے وزیر خارجہ کو ہیومن رائٹس کونسل کے ممبر منتخب ہونے کے بعد انسانی حقوق کی ترویج کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یورپی یونین ڈس انفولیب کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ رپورٹ اور اس رپورٹ میں بھارت کے حوالے سے سامنے آنے والے چشم کشا انکشافات سے آگاہ کیا اور کہا کہ رپورٹ نے واضح کیا ہے کہ کس طرح بھارت، گذشتہ پندرہ سال سے جعلی ویب سائٹس اور فرضی این جی اوز کے زریعے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کرتا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کی کوششوں اور بین الافغان مذاکرات کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ،افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ نے ڈچ اپنے ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریوں اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں لہذاٰعالمی برادری بالخصوص یورپی یونین کو بھارت کے ان غیر قانونی اقدامات کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔وزیر خارجہ نے ڈچ اپنے ہم منصب کو وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔ڈچ وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔