اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی): پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی میچ کل (جمعہ کو )نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ پاکستان ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم دوسرے ون ڈے میچ میں کیوی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے گرین شرٹس کو 79 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔ قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئی تھی۔
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو مایہ ناز بلے باز بابر اعظم لیڈ کررہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان،فخر زمان،امام الحق،شان مسعود،حارث سہیل،حارث رئوف،نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل ہیں، نیوزی لینڈ کین ولیم سن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں ٹام لیتھم،مچل بریسول ،ڈئرل مچل،ڈیون کونوے،ایش سودھی ،ٹم سائوتھی اور گلین فلپس کی خدمات حاصل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے تیسرے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ فیصلہ کن ون ڈے میچ کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔