دبئی ۔ یکم نومبر (اے پی پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل) جمعہ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کو کیویز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 2 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے کینگروز کو تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔ یوں پاکستان کی ٹی ٹونٹی میچوں میں مسلسل فتوحات کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیویز کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کو ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔