راولپنڈی۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ( کل ) بروز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، میچ ڈے نائٹ ہو گا میچ کا آغاز ساڑھے تین بجے ہو گا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا ، ون ڈے سیریز کا آغاز ( کل) جمعرات سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا ،
ایک روز میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان ، محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی ، فخر زمان اور حارث رؤف شامل ہیں ، مہمان ٹیم نیوزی لینڈ اوپنر بیٹر ٹام لیتھم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں جیمز نیشم ، ایڈم ملن ، ٹام بلنڈل ، ڈیرل مچل ، مارک چیپمین جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں
، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 29 اپریل، تیسرا میچ 3 مئی، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔