آکلینڈ۔18مارچ (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ 21 مارچ کو ایڈن پارک،آکلینڈمیں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ سوا گیارہ بجے شروع ہو گا۔ میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان پاکستان کی ٹیم کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان کیوی ٹیم نے گرین شرٹس کو 5وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹی 20 سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں قیادت کی تھی جو پاکستان نے 1-2 سے جیتی تھی۔
پاکستان ٹیم میں شاداب خان، محمد حارث، عمیر بن یوسف، حسن نواز، عبدالصمد، عرفان نیازی، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سفیان مقیم، ابرار احمد، جہانداد خان اور عثمان خان شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی قیادت مائیکل بریسویل کر رہے ہیں۔
ان کی بھی بحیثیت کپتان یہ دوسری سیریز ہے۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ سال پاکستان میں کھیلی گئی سیریز میں قیادت کی تھی جو 2-2 سے برابر رہی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں سات وہ کھلاڑی شامل ہیں جو حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلے تھے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 23 اور نیوزی لینڈ نے 21 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو میچز نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 21 مارچ کو ایڈن پارک،آکلینڈ،چوتھا ٹی ٹونٹی میچ 23مارچ کو بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گاجبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 26 مارچ کو سکائی سٹیڈیم،ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں 29 مارچ کو نیپئرپہنچیں گی جہاں وہ تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ میک لین پارک، نیپئر میں کھیلیں گی۔ دوسرا ون ڈے میچ 2اپریل کو سڈن پارک، ہملٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 5 اپریل کو بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573750