ابوظہبی ۔18 نومبر(اے پی پی )پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، یاسرشاہ اور حسن علی نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستان کی ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور اس نے گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 176 رنز کا ہدف دیا، بی جے واٹلنگ اور ہنری نیکولز نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم دونوں بلے بازوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد یاسر اور حسن علی نے ایک بھی کھلاڑی کو زیادہ دیر تک وکٹ پر جمنے کا موقع نہ دیا، یاسر نے اہم موقع پر نیکولز، گرینڈہوم اور واٹلنگ کو آﺅٹ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا، واٹلنگ 59 اور نیکولز 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاسر اور حسن نے 5، 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 37 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مزید 139 رنز اور کیویز کو 10 وکٹوں کی ضرورت ہے، امام الحق 25 اور محمد حفیظ 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔