کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، نیوزی لینڈکے319 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم نے دوسری اننگزمیں9 وکٹ کے نقصان پر پر 304رنزبنائے تھے کہ خراب روشنی کے باعث میچ کو تین اوور قبل ہی ختم کرنا پڑا، سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری سکور کرکے میچ بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہیں شاندار پرفارمنس پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس طرح دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر ہوگئی۔
جمعہ کو کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز قومی ٹیم نے اپنے گزشتہ روز کی اننگز صفر سکور دو کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 80 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے صف اول کے 5 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے ۔ امام الحق میچ کے آخری روز کے آغاز میں ہی 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، وہ ایک بار پھر بار پھر آگے بڑھ کر شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اش سودی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم27 رنز بنا کر بریسویل کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔
پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے بیٹر شان مسعود 35 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو سنبھالا دیا، سرفراز نے سعود شکیل نے کھانے کے وقفے کے بعد محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم چائے کے وقفے کے بعد سرفراز کئی دلکش سٹروکس کھیلے ۔
دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 123 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ سعود شکیل کے آئوٹ ہونے کے بعد سرفراز احمد نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا ۔ سعود شکیل 32 اور آغا سلمان 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 273 تھا۔ اس موقع پر قومی ٹیم شدید خطرات سے دوچار ہوگئی تاہم سرفراز احمد نے ایک اینڈ پر وکٹ کو روکنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔
آغا سلمان کے آئوٹ ہونے کے کچھ دیر بعد پاکستان کی آٹھویں وکٹ بھی گر گئی جب 282 کے مجموعی سکور پر حسن علی 5 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری سکور کرنے والے سرفراز احمد پانچویں کے نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، وہ 176 بالوں پر 118 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں فتح کیلئے 32 اور نیوزی لینڈ کو صرف ایک وکٹ درکار تھی تاہم نسیم شاہ اور ابرار احمد ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب رہے۔
نسیم شاہ نے 11 بالوں پر 15 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل ہیں جبکہ ابرار احمد 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے۔ پاکستان نے 319 رنز کے تعاقب میں 304 رنز بنائے تھے اور اس کے 9کھلاری آئوٹ ہوئے تھے اس دوران امپائر علیم ڈار اور الیکس وہارف نے خراب روشنی کی وجہ سے میچ کوختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔
نیوزی لینڈ کے بائولر مائیکل بریسویل 4 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بائولر رہے، کپتان ٹم ساوتھی اور ایش سودھی نے دو دو جبکہ میٹ ہینری نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو شاندار پرفارمنس پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر ہوگئی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، کیویز نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔