اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا ہے کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے معاشی ، سیاسی اور ثقافتی تعلقات میں مزید بہتر ی کی صلاحیت موجود ہے،نامزد سفیر بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیپال میں تعینات پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ پاکستان باہمی مفادکے تمام شعبوں میں نیپال کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور تقویت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے معاشی ، سیاسی اور ثقافتی تعلقات میں مزید بہتر ی کی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان اور نیپال کے مابین زراعت ، دواسازی ، آئی ٹی ، ٹیکسٹائل اور سرجیکل آلات جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ امید ہے کہ نئے سفیر دونوں ممالک کے مابین معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں گے۔ نامزد سفیر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کو بے نقاب کرنے کے لئے کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں