اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی کی زیر صدارت وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کی تیاریوں کے سلسلے میں بیجنگ میں پاکستانی سفیر اور سفارتخانے کے سینئر حکام کیساتھ ویڈیوکا نفرنس منعقد ہوئی۔ایڈیشنل سیکرٹری(ایشیاءپیسفک)،ایڈیشنل سیکرٹری(ایف ایم او) اور ڈائریکٹر جنرل(چائنا)نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے دورے کی اہمیت،پروگرام،چینی اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں،معاہدوں پر دستخط سے متعلق دیگر امورزیر بحث لائے گئے۔وزیر اعظم کے دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار سٹریٹجک کوآپریٹیو شراکت دار،قریبی دوست اور اچھے ہمسایہ ممالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ملکی اور بین الاقوامی تبدیلیوں سے ماوراءیہ قریبی دوستی دوسرے ملکوں کیلئے ریاستوں کے مابین تعلقات کی بہترین مثال ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلی سطح پر رابطے دو طرفہ تعلقات کا اہم پہلو ہیں۔وزیر اعظم چین کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر بیجنگ میں چین کی اعلی قیادت سے ملاقات اور پہلے چائنا انٹر نیشنل امپورٹ ایکسپو میں گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے شرکت کیلئے شنگھائی کا بھی دورہ کریںگے۔