پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے درمیان پاک چین ترجمانوں کا آن لائن مکالمہ کے انعقاد کیاگیا

227
شنگھائی تعاون تنظیم

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے درمیان پاک چین ترجمانوں کا آن لائن مکالمہ کے انعقاد کیاگیا۔

منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمداور ایڈیشنل سیکرٹری (یو این اینڈ ای ڈی) نے کی جبکہ چین کی طرف سے ترجمان ہوا چون ینگ، معاون وزیر خارجہ اور چین کی وزارت خارجہ میں محکمہ اطلاعات کی ڈائریکٹر جنرل نے قیادت کی۔

ترجمانوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا جن کو دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی پے در پے نسلوں نے پروان چڑھایا ہے۔بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کی بہترین صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی اور متعلقہ ترجمانوں کے دفاتر کے کام، میڈیا تعاون اور مستقبل میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنے چینی ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ترجمانوں کا مکالمہ پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے درمیان ادارہ جاتی بات چیت کا پلیٹ فارم ہے جوسدابہار تعاون پرمبنی شراکت داری کی قوت کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان نظریات اور مفادات کی مشترکات کو تقویت دیتا ہے۔