پاکستان اور چین کے درمیان فضائی دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، وفاقی وزیر برائے مواصلات

61

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات اینڈ پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان فضائی دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، اپوزیشن کی سیاست کا ایجنڈا لوٹ مار کی رقم اور اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمسایہ اور دوست ملک ہے، چین کو خطرہ پاکستان کو خطرہ تصور کیا جائے گا اسی طرح پاکستان کو خطرہ چین کو خطرہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت متعدد منصوبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے پاکستان کو اپنی مدد فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سامنے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور خوفناک انسانی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، ہماری بہادر مسلح افواج ایسی سازشوں کو ناکام بنانے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا یہ استعفیٰ نہیں ڈرامہ ہے، اپوزیشن والے کہتے ہیں ہم نے استعفے دیئے ہی نہیں، سجاد اعوان کہتے ہیں کہ استعفیٰ تو پارٹی قیادت کو بھیجا تھا معلوم نہیں استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو کیسے پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتوں نے استعفے دینے ہیں تو پھر انتظار کس بات کا، یہ لوگ کل استعفے دیں ہم منظور کر لیں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ استعفے آنے کی صورت میں ان پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ممبران اسمبلیوںسے استعفیٰ نہیں دیں گے، اپوزیشن کی سیاست کا ایجنڈا لوٹ مار کی رقم اور اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔