پاکستان اور چین کے درمیان نجی شعبے میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

166
پاکستان اور چین کے درمیان نجی شعبے میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ہواوے پاکستان کے وائس سی ای او رے یو نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ چین میں ہونے والے معاہدوں کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال25ہزار نوجوان آئی ٹی میں گریجویشن حاصل کرتے ہیں لیکن صرف5ہزار آئی ٹی گریجویٹس کو ملازمت ملتی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں اس خلا کو پر کرنے کے لئے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں ٹریننگ سے لیس کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان نجی شعبے میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیںجن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔