پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے،حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئیشیانگ سے ملاقات میں گفتگو

171
پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے،حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئیشیانگ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے،حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئیشیانگ سے کاپ-29 کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے چینی وزیر اعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

ملاقات میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سکیورٹی کیلئے حکومتی اقدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے حکومت کے دہشتگردی کے عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔چینی نائب وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ مل کر سکیورٹی چیلنجز کو عبور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاک-چین تعاون میں وسعت کی خواہش کا اظہارکیا۔