اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان چین تعلقات 70سالوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو مزیدوسعت دی جارہی ہے، پاکستان اور چین کے مابین ثقافتی وفود اور فلموں کے تبادلے خوش آئند ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات ونشریات اور پاکستان میں چین کے سفارت خانے کے اشتراک سے فلم "دی شیڈو” کی نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات 70سالوں پر محیط ہیں-
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو مزیدوسعت دی جارہی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین ثقافتی وفود اور فلموں کے تبادلے خوش آئند ہیں۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کی فلمیں چینی سکرینوں پر اور چینی فلمیں پاکستان میں نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت سمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔
پاکستان میں چینی سفارتخانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن چین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج فلم دی شیڈو کی نمائش پر دونوں ممالک کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بے مثال تعلقات ہیں۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے۔