پاکستان اور چین یوکرین کے معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں ، اس معاملے پر مشترکہ موقف رکھتےہیں، پاکستانی سفیر معین الحق

109

بیجنگ۔24مارچ (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین یوکرین کے معاملے پر بہت قریبی رابطے میں ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں،تنازعہ کو کم کرنے اور متعلقہ فریقوں کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔

پاکستانی سفیر کا یہ بیان چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران دیئے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کو افغانستان اور یوکرین جیسے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر رابطے کو مضبوط کرنا چاہیے۔

پاکستانی سفیر معین الحق نے جمعرات کو چینی اخبار ’’گلوبل ٹائمز ‘‘کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں یوکرین بحران کے حوالے سے کہا کہ کشیدگی کو کم کرنے اور متعلقہ فریقوں کے درمیان بات چیت پر زور دیتے ہیں۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) اجلاس میں خصوصی شرکت اس بات کی عکاسی ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی لوہے کی طرح مضبوط ہےاور دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف مضبوط تعلقات قائم ہیں بلکہ بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطے بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک یوکرین بحران پر بہت قریبی رابطے میں ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا موقف مشترکہ ہے ،دونوں ممالک کو تشویش ہےاور ہم نے اس تنازعہ کو کم کرنے اور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس مسئلے کے حل کرنے کے لیے یوکرین اور روس کے درمیان بات چیت پر زور دیا ہے اور متعلقہ فریقین بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت عقل مند اور سمجھدار سفارت کاری کا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے سفارت کاری کو کام کرنے دیں۔ہمیں ایک دوسرے پر انگلی نہیں اٹھانی چاہیے،یہ یکجہتی اور اجتماعی کام کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اقوام متحدہ کے فورم پر بھی قریبی رابطہ کاری کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ کے اصولوں ، تمام اقوام کے لیےخودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی منفرد اور مضبوط دوطرفہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بیجنگ میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر چین کے تیار کردہ جے۔10سی ای لڑاکا طیاروں نے پہلی بار اڑان بھری جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے ہے۔