24.9 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور کرغزستان علاقائی ، اقتصادی انضمام میں اہم کردار کے حامل...

پاکستان اور کرغزستان علاقائی ، اقتصادی انضمام میں اہم کردار کے حامل ہیں،کرغز سفیر آواز بیک اتاخانوف

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان میں کرغزستان کے سفیر آواز بیک اتاخانوف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان اپنی جیو سٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے علاقائی ، اقتصادی اور تجارتی انضمام میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ کرغزستان کے سفیر نے گزشتہ روز ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈ آفس کے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان اور کرغزستان نہ صرف علاقائی واقتصادی انضمام میں اہمیت رکھتے ہیں بلکہ مستقبل میں اضافی علاقائی رابطوں میں بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ علاقائی ،اقتصادی اور تجارتی انضمام میں پاکستان اور کرغزستان کا کردار اہم ہے اور عالمی منڈیوں کو جوڑنے کے لیے پاکستان کی جیو سٹریٹیجک پوزیشن بھی بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان ایک کھلی اور آزاد معیشت ہے جو عالمی اور علاقائی منڈیوں کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی لبرلائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کرغز مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، کرغزستان مستقبل میں عالمی تجارت کا مرکز بن رہا ہے، جس سے پاکستانی تاجر اور سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

کرغز سفیر نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کو اقتصادی اور تجارتی میدان میں یورو اکنامک زون سے جوڑ سکتا ہے جس سے پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جو نہ صرف علاقائی معیشتوں سے جڑی ہوئی ہے بلکہ چین کے ساتھ بھی کرغزستان کی دوطرفہ تجارت 23 بلین ڈالر تک ہے۔سفیر نے کہا کہ کرغزستان کی سالانہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں سال بہ سال مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان کی سالانہ فی کس آمدنی تین ہزار ڈالر فی کس ہے جو گزشتہ چند سالوں سے مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کرغزستان میں غربت کی شرح میں مسلسل کمی اور لوگوں کا معیار زندگی بھی بلند ہو رہا ہے۔

سفیر نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، کان کنی، سونا، سیاحت اور زراعت کرغزستان میں قومی معیشت کے اہم شعبے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ برسوں میں سالانہ جی ڈی پی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان کے نائب وزیراعظم آئندہ ماہ 15 مئی سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان جمہوری روایات کا حامل ملک ہے جہاں سول سوسائٹی بہت مضبوط اور متحرک ہے۔ایک سوال کے جواب میں کرغزستان کے سفیر نے کہا کہ کاسا۔ 1000 دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک اہم اور فائدہ مند منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاسا۔ 1000 پر کام جاری ہے اور اس کی تکمیل کے بعد پاکستان کی توانائی کی ضروریات کافی حد تک پوری ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے اور دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو اپنے تاریخی ورثے اور باہمی تعلقات اور ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس کرائیں۔کرغیز سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کےباہمی تعلقات کو وسعت دینے میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے اور ہمیں اپنے دوستانہ تعلقات اور تاریخی ورثے کو آئندہ نسل تک منتقل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان سیاحت کے حوالہ سے ایک اہم ملک ہے اور کرغز حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے جدید سہولیات کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان قدرتی مناظر سے مزین ملک ہے اور پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو اجاگر کرنے کے لیے دونوں ممالک کے میڈیا کا کردار اہم ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی آگاہی کی ضرورت ہے۔دریں اثنا، کرغزستان کے سفیر اور منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان محمد عاصم کھچی نے دونوں ممالک کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان تکنیکی معاونت اور دو طرفہ میڈیا تعاون کے لیے معاونت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔

اس موقع پر کرغزستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے مختلف ممکنہ شعبوں کو اجاگر کرنے کے لیے دو طرفہ خبروں کے تبادلے، تکنیکی معاونت، تربیت اور صلاحیت، معلومات کے تبادلے اور تاریخ کے تبادلے کے حوالے سے تجاویز دیں اور دونوں خبر رساں اداروں کے درمیان جدید رجحانات کے مطابق باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی اور کرغزستان کی قومی خبر رساں ایجنسی ’’ کبار‘‘ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جسے مستقبل میں مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

سفیر نے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان میں دونوں ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے اور اس سلسلے میں اے پی پی اور کرغزستان کی قومی خبر رساں ایجنسی کبار کو باہمی ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔ اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے کرغز سفیر کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور دونوں ممالک کی قومی خبر رساں ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ مزید نتیجہ خیز تعاون کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588560

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں