وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی جمہوریہ کرغزستان کے صدر صدير جاپاروف سے ملاقات

سمرقند۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ کرغزستان کے صدر صدير جاپاروف سے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ کرغز صدر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے بڑے سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر ہمدردی …

سمرقند۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ کرغزستان کے صدر صدير جاپاروف سے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

کرغز صدر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے بڑے سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اظہار یکجہتی پرصدير جاپاروف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کیا .

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری عالمی اقدام کی اہمیت اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک , جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہیں،کے ساتھ عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں میں قریبی تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں قائدین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں، بین الپارلیمانی تعلقات اور دفاعی اور سلامتی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں کاسا1000 پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا گیا.وزیراعظم نے گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے کرغز جمہوریہ کی سمندر تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان چارٹرڈ پروازوں کی بحالی کا بھی خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے جمہوریہ کرغزستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں 11000 سے زائد پاکستانی طلباء کی میزبانی کرنے پر کرغز صدر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کرغز حکومت ملک میں ان کے تعلیمی قیام کے دوران انہیں سہولتیں فراہم کرتی رہے گی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔دونوں فریقین نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر زاپروف کو جلد از جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔