خواجہ سعد رفیق کا عزم، پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ اٹوٹ ہے
پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ اٹوٹ ہے، جسے کسی قسم کے پروپیگنڈے سے ختم نہیں کیا جا سکتا،خواجہ سعد رفیق

مزید خبریں
اٹک۔ 08 جولائی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے رکنِ قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ اٹوٹ ہے، جسے کسی قسم کے پروپیگنڈے سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
تقریب میں پارٹی عہدیداران، آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدواروں اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ خود ایک مہاجر کشمیری ہیں اور نظریۂ پاکستان پر مکمل ایمان رکھتے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگ پاکستان کی محبت کی پاداش میں جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر اسمبلی کی 12 مہاجر نشستیں ختم کرنے کے کسی بھی مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر کے آئینی اور سیاسی حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سیاسی مفاہمت، برداشت اور مکالمے کے حامی رہے ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ سیاسی اختلافات کو نفرت میں نہیں بدلنا چاہیے، کیونکہ مسائل کا مستقل حل صرف مذاکرات اور آئینی طریقۂ کار میں ہے۔ انہوں نے معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غربت اور بے روزگاری صرف آزاد کشمیر کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا چیلنج ہے، جسے مشترکہ کوششوں سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن سے جڑا ہوا ہے، جس کا پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے








