پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا،کویتی سفیر

255
صدر فیصل آباد چیمبر

فیصل آباد۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان میں تعینات کویت کے سفیرناصر عبدالرحمن المطیری نے کہاکہ کویت پٹرولیم مصنوعات کے عوض پاکستان سے گوشت اور ٹیکسٹائل کے علاوہ بہت سی دیگر مصنوعات درآمد کر رہا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان درآمد وبرآمدمیں اضافہ سمیت ثقافت اور تعلیم کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ صدر فیصل آباد چیمبر نے کہا کہ اس خیر سگالی ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کویتی سفیر کو فیصل آباد چیمبر کے باضابطہ دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کو فیصل آباد کی برآمدی صلاحیت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو رکن حافظ شفیق کاشف اور دیگر بھی موجود تھے۔