پاکستان اور ہنگری کے وزرا خارجہ کی ملاقات ، دونوں ممالک میں زراعت، خوراک، ماحولیات، آبی وسائل، انجینئرنگ، ووکیشنل ٹریننگ اور اربن پلاننگ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

76
پاکستان اور ہنگری کے وزرا خارجہ کی ملاقات ، دونوں ممالک میں زراعت، خوراک، ماحولیات، آبی وسائل، انجینئرنگ، ووکیشنل ٹریننگ اور اربن پلاننگ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان اور ہنگری نے زراعت، خوراک، ماحولیات، آبی وسائل، انجینئرنگ، ووکیشنل ٹریننگ اور اربن پلاننگ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سجارتو نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں اپنے پاکستانی ہم۔منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری یورپ کے اہم ممالک میں شامل ہے۔پاکستان، ہنگری کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سجارتو کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ،افغان امن عمل سمیت ،خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کوششیں بروئے کار لا رہا ہے ۔

پاکستان اور ہنگری کے مابین بزنس ونڈو کے آغاز سے دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔پاکستان، 220 ملین آبادی پر مشتمل ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت بہت سی پرکشش مراعات دے رہی ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین زراعت، خوراک، ماحولیات، آبی وسائل، انجینئرنگ، ووکیشنل ٹریننگ اور اربن پلاننگ سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت زیر تکمیل 9 خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہا اور پر تپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تجارتی، اقتصادی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا