اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان یورپی یونین پولیٹیکل ڈائیلاگ کا نواں دور یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی جبکہ یورپی یونین کی طرف سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا نے قیادت کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پولیٹیکل ڈائیلاگ میں پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔
باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول میں سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان، تجارت اور ترقیاتی تعاون، سلامتی، کلائمیٹ ایکشن، نقل مکانی اور نقل و حرکت پر توجہ دی گئی۔ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسعت دینے کے لیے باقاعدگی سے ادارہ جاتی میکانزم کی میٹنگز اور فالو اپ اقدامات کے ذریعے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باقاعدہ اعلیٰ سطحی بات چیت نے تعلقات کو ایک نئی تحریک فراہم کی ہے اور تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی منظر نامے میں قریبی تعاون اور بات چیت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سیکرٹری خارجہ نے جی ایس پی پلس کو ترقی اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے لیے تجارت کے ایک کامیاب سانچے کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات میں تنوع اور پائیداری لانے کے لیے دونوں اطراف کے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گہرے تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں فریقوں نے یورپی یونین کے پروگراموں گلوبل گیٹ وے سٹریٹجی اور ہاریزون یورپ کے تحت نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔