پاکستان اور یورپی یونین کا سمارٹ ایگریکلچر، اقتصادی ترقی، سمیت متعدد شعبوں میں کثیر الجہتی ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے پر اتفاق

155

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین نے سمارٹ ایگریکلچر، اقتصادی ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم، موسمیاتی تبدیلی سمیت صحت جیسے متعدد شعبوں میں کثیر الجہتی ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو 12 ویں پاکستان یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کے ترقیاتی تعاون کے ذیلی گروپ کا وزارت اقتصادی امور اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا۔

ذیلی گروپ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت برسلز میں قائم یورپی کمیشن کے جنوب مشرقی ایشیا کے نائب سربراہ ایان ہوسکنز اور وزارت اقتصادی امور کے جوائنٹ سیکرٹری اسلام زیب نے کی۔اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی بحالی اور تعمیر نو میں تعاون پر زور دیتے ہوئے دونوں فریقوں نے موجودہ ترقیاتی تعاون کی سطح پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اپنے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا عزم کیا۔

اس موقع پر ایان ہوسکنز نے کہا کہ یورپی یونین اپنے ملٹی انڈیکیٹیو پروگرام (ایم آئی پی) کے تحت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا اور سیلاب کے بعد کی بحالی ،تعمیر نو کو موجودہ منصوبے میں ضم کیا جائے گا۔ملٹی انڈیکیٹو پروگرام 2021-2027 کے تحت یورپی یونین پاکستان کو پہلے تین سالوں کے دوران 265 ملین یورو فراہم کرے گا جس میں گرین انکلوسیو گروتھ، ہیومن کیپیٹل اور گورننس کے شعبوں بشمول قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق شامل ہیں۔

ذیلی گروپ کے اجلاس سالانہ ایکشن پلان کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ سیلاب کے بعد کی بحالی اور تعمیر نو اور اس سے نمٹنے کا طریقہ اور یورپی یونین کے فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد نے جرمن حکام کو حکومت کی موجودہ ترقیاتی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں شفافیت، ادارہ جاتی اصلاحات، غربت کے خاتمے، انسانی وسائل کی ترقی اور سبز توانائی پر مضبوط توجہ شامل ہے۔

دونوں فریقوں نے ترقیاتی امداد اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان میں یورپی یونین کا کل جاری پورٹ فولیو 38 منصوبوں کے لیے 630.19 ملین یورو کا ہے۔ 2001 سے اب تک پاکستان کو 1.9 بلین یورو سے زیادہ کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کے لیے سیلاب سے متعلق امداد 44.24 ملین یورو ہے۔ اجلاس میں پاکستان اور برسلز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔