پاکستان اور یونیسکو کااسلام آباد میں ٹیچرز ٹریننگ اور سٹیم لرننگ کے پاک-یونیسکو جوائنٹ سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے کام کرنے پر اتفاق

7
Global Network of Learning Cities
Global Network of Learning Cities

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم محترمہ اسٹیفنیا گیانینی کے ساتھ تاشقند، ازبکستان میں ہونے والی دوسری عالمی کانفرنس کے موقع پرملاقات کی اور تعلیم و تربیت کے شعبوں میں تعاون اور سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی کے علوم کو سیکھنے کے عمل سمیت اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے پاک۔ یونیسکو جائنٹ سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل یونیسکو جو اس سے قبل اٹلی کی سینیٹر اور وزیر برائے تعلیم، یونیورسٹیز و ریسرچ رہ چکی ہیں نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا۔ رانا تنویر حسین نے تعلیم کے شعبے اور بنیادی طور پر سکول سے باہر بچوں، لڑکیوں کی تعلیم کے شعبوں میں بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ سیکھنے کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات، تعلیمی معیار (تعلیمی مہارت، فیکلٹی، ترقی و بہتر اسلوب) کے مسائل کو روایتی انداز میں حل کے لیے ہنر مندیکے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی اوراسٹیم ایجوکیشن کے طریقہ کار کو بروئے کار لایا جائے گا ۔ انہوں نے حالیہ غیر معمولی سیلاب سے تعلیمی شعبہ کو ہونے والے نقصان کا بھی حوالہ دیااور کہا کہ تعلیم کے شعبے کے بنیادی ڈھانچہ کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ918 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیسکو کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے تعلیم و تربیت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مربوط اور موثر بنایا جائے تاکہ چیلنجز پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔ وفاقی وزیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان جامع اور مساوی اور معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اورپائیداد ترقی کے اہداف چہارم کی روشنی میں زندگی میں سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بنکاک اعلامیہ اور حال ہی میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن سمٹ میں کئے گئے وعدوں کی روشنی میں عملدرآمد کے لئے ہر ممکن کوششوں کو بروئے کار لایا جائیگا۔ اساتذہ کی تربیت اور سٹیم کی تعلیم کی اہمیت پر غور کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں اساتذہ کی تربیت اور سٹیم لرننگ میں پاک-یونیسکو جوائنٹ سنٹر آف ایکسی لینس کی تجویز پیش کی جو یونیسکو کے تعاون سے قائم کیا جائے گا۔

مذکورہ مرکز بنیادی طور پر اوائل بچپن کی دیکھ بھال اوربنیادی تعلیم پر توجہ مرکوز کرے گا۔ یونیسکو کی اسستنٹ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یونیسکو ہنگامی حالات میں اپنے دیگر شراکت داروں عالمی ادارہ صحت، عالمی ادارہ برائے خوراک،اور یونیسکو و دیگر کے ساتھ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں تعاون کے لیے اپنی تمام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے تعلیمی شعبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے عالمی شراکت داروں کو متحرک کرنے کا بھی یقین دلایا۔

محترمہ اسٹیفنیا گیانینی نے پاک یونیسکو سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے پاکستان کی وزیر تعلیم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ یونیسکو کے ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقائی بیورو برائے تعلیم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ مذکورہ تجویز/منصوبہ بنکاک اعلامیہ کے سیکھنے کی بحالی اور تعلیم کے جزو کے تحت احاطہ کرے گا، جس کے لیے پاکستان اپنی رسمی تجویز پیش کرے گا۔ دونوں اطراف نے اسلام آباد میں ٹیچرز ٹریننگ اور سٹیم لرننگ میں پاک-یونیسکو جوائنٹ سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام پر اصولی طور پر اتفاق کیا جس کے طریقہ کار طے کرنے کے لیے تکنیکی ٹیموں کی سطح پر مزید متحرک بنانے کا فیصلہ کیا۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یونیسکو پاکستان نیشنل کمیشن فار یونیسکو کے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کرے گا، جبکہ پاکستان کی وزارت تعلیم پی این سی یو میں مناسب افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ دونوں فریقین نے پائیدار ترقی کے اہداف چہارم کے مطابق باہمی طور پر متفقہ علاقے میں پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے امکان پر بھی اتفاق کیا۔