اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن ( پی ٹی بی ایف ) کے زیراہتمام اور سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 7 نومبر سے رائل روڈیل کلب، ڈی ایچ اے، کراچی میں شروع ہو گی۔
چیمپئن شپ میں اعجاز الرحمان اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے جبکہ پی ٹی بی ایف رینکنگ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ کے چیمپئن انیب شفیع، نیشنل چیمپئن فاضل مانیا کے علاوہ قومی و بین الاقوامی کھلاڑی حمرا عباس سلڈیرا، علی سوریا، دنیال شاہ، سکندر حیات، شبیر لشکر والا، سلیم بیگ اور محمد حسین چٹھہ شامل ہیں۔
پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے آر ٹی سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی اور چیمپئن شپ میں نو کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں اوپن سنگلز، ایمچور، لیڈیز، انڈر 22، سینئر، میڈیا، ڈبلز، ڈیف اور مکس ٹیم شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اپنے ناموں کی رجسٹریشن 7 نومبر دن دو بجے تک کروا سکتے ہیں۔چیمپئن شپ 12 نومبر تک جاری رہےگی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔